نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ایک قابل فخر لمحے کا جشن منایا جب پاکستانی نژاد امریکی افسر ڈاکٹر ضیغم عباس کو کیپٹن کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ 17 سالہ شاندار سروس کے بعد کیپٹن ضیغم عباس اب این وائے پی ڈی کے ان چند مسلم ایگزیکٹو افسران میں شامل ہو گئے ہیں، جن کی شمولیت کو نا صرف محکمے بلکہ کمیونٹی میں بھی بے حد سراہا گیا ہے۔ یہ خصوصی تقریب این وائے پی ڈی ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی جہاں پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش نے ڈاکٹر عباس کو باضابطہ ترقی کا سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ اس جذباتی موقع پر ساتھی افسران اور چاہنے والوں نے کیپٹن عباس کے شانوں پر نئی رینک کی نشانیاں لگائیں اور انہیں ان کا آفیشل شیلڈ پیش کیا، جو ان کی نئی قیادت کی ذمہ داریوں کی علامت ہے۔ تقریب میں این وائے پی ڈی کے مسلم پولیس افسران کی سوسائٹی کے صدر کیپٹن وحید اختر اور پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا سمیت اہم ارکان نے شرکت کی۔ دونوں افسران نے کیپٹن عباس کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ یہ سوسائٹی، جس کے ارکان کی تعداد 3,000 سے زائد ہے، محکمے میں تنوع اور نمائندگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ کیپٹن ضیغم عباس کی ترقی محض ذاتی کامیابی نہیں، بلکہ یہ امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں میں مسلم نمائندگی کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے۔ ان کی خدمات نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہیں، خاص طور پر اُن نوجوانوں کے لیے جو اپنے معاشرے کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔
Discussion about this post