اسرائیلی فوج کی ظالمانہ بمباری جاری ہے، جہاں خیمہ بستیوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مزید 61 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں ایک صحافی بھی شامل ہے۔ اسرائیلی فوج نے رفح کا محاصرہ کرلیا، جس سے ہزاروں فلسطینی محصور ہوگئے۔ اُدھر اسرائیل میں نیتن یاہو حکومت کے خلاف بڑے مظاہرے کیے گئے، جن میں غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔ دوسری طرف مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کو بے نقاب کرنے والے فلسطینی فلم ڈائریکٹر حمدان بلال پر مسلح اسرائیلی آبادکاروں نے حملہ کردیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، 15 کے قریب فوجی وردی میں ملبوس اسرائیلی آبادکاروں نے حمدان کے سر اور پیٹ پر تشدد کیا اور ان کے گھر پر دھاوا بول دیا، جہاں فرش پر خون بکھرا ہوا تھا۔ فلسطینی ہدایتکار یووال ابراہم کے مطابق، جب حمدان کو ایمبولینس میں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا، تو اسرائیلی فوج نے حملہ کرکے انہیں گاڑی سے اتارا اور نامعلوم مقام پر لے گئی۔ یاد رہے کہ حمدان بلال نے اپنی ڈاکیومینٹری میں مغربی کنارے میں فلسطینی آبادیوں پر حملوں اور جبری بیدخلی پر سے پردہ اٹھایا تھا جسے 2024 کے آسکر سے نوازا گیا تھا۔
Discussion about this post