ضلعی پولیس افسر مانسہرہ شفیع اللہ خان گنڈاپور نے شوگران ٹورسٹ ریزورٹ میں ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ کوہ ماکرا کے بیس کیمپ میں شدید برف باری اور خراب موسم کی وجہ سے 19 گھنٹے سے پھنسے اطالوی اور فرانسیسی مہم جوؤں کو بچانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی کو متعلقہ سفارت خانوں کی جانب سے لاپتا غیر ملکیوں کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد شفیع اللہ گنڈاپور کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم نے ریسکیو آپریشن کیا۔ کوہ ماکرا چوٹی سطح سمندر سے 12 ہزار 746 فٹ بلند ہے۔ اطلاع ملنے پر فوری طور پر آپریشن شروع کیا اور پوری رات ریسکیو آپریشن میں گزار دی، دونوں مہم جوؤں کو بیس کیمپ سے بحفاظت شوگران سیاحتی مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ شدید برف باری اور خراب موسمی حالات کی وجہ سے غیر ملکیوں کا پولیس اور ان کے متعلقہ سفارت خانوں سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے رات کے وقت ریسکیو آپریشن کی ضرورت پڑی تھی۔ اقوام متحدہ سے وابستہ غیر ملکیوں فرانسوا اور کارلو نے اپنی مشکلات بیان کیں۔
Discussion about this post