وزیراعظم نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کور کمانڈر سمیت6 افسران اور جوان کی سلامتی سے متعلق فکرمندی کااظہارکیا۔ آرمی چیف نےگزشتہ شب سےجاری تلاش کی کارروائیوں سےوزیراعظم کوآگاہ کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی بہترین پروفیشنل اورنہایت اچھےانسان ہیں، دعاگوہوں کہ ہیلی کاپٹرمیں سوارتمام لوگ بحفاظت ہوں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے بہادر بیٹوں کی بحفاظت واپسی کے لئے خصوصی دعا کی اپیل کی۔ پوری قوم اس حادثے پر انتہائی غمگین اور افسردہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مددکرنے والے فرض شناس بیٹے خدمت کی اعلیٰ مثال ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھائی، بہنوں، بچوں کی خدمت کا عظیم جذبہ پاکستان کی حقیقی طاقت ہے۔
کور کمانڈر کوئٹہ کا ہیلی کاپٹر بلوچستان میں لاپتہ
پیر کی شب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ پیلی کاپٹر میں کمانڈر 12 کور سمیت چھ افراد سوار تھے جو کہ سیلاب زدگان کی امداد کی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے تھے۔ پاکستان ایئر فورس کے مطابق شام 5 بج کر 10 منٹ پر اوتھل سے اڑنے والے ہیلی کاپٹر نے 6 بجے پی اے ایف بیس فیصل لینڈ کرنا تھا تاہم کئی گھنٹے بعد بھی مقررہ جگہ پر نہیں پہنچا۔
سرچ آپریشن جاری
کراچی کے ملیر کینٹ سے امدادی ٹیم تلاش اور امدادی کارروائیوں کے لیے بھیجی جا رہی ہے جبکہ لسبیلہ اور اس سے متصل کراچی کے علاقوں میں پاک فوج، رینجر، ایف سی، کوسٹ گارڈز اور پولیس ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لئے جاری آپریشن میں مصروف ہے۔
لاپتا ہونے والے جوانوں کے ناموں کی تفصیل
کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی
ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد۔
کمانڈر انجینئرز 12 کور بریگیڈیئر خالد۔
میجر سعید (پائلٹ)۔
میجر طلحہ (کو-پائلٹ)۔
کریو چیف نائیک مدثر۔
لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اس سے پہلے بلوچستان میں ہی آئی جی ایف سی ساؤتھ تعینات تھے۔
سیلاب زدگان کی امداد میں مصروف ہیلی کاپٹر لاپتا ہونے پر صدر مملکت عارف علوی ، وزیراعظم شہباز شریف ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے پوری قوم سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے نکلنے والے ان بیٹوں کی سلامتی کے لیے دعاگو ہے ۔
بلوچستان سے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کی گمشدگی تشویشناک ہے۔ پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور سیلاب متاثرین کی مدد پر نکلنے والے وطن کے ان بیٹوں کی سلامتی، حفاظت اور بخیریت واپسی کے لئے دعا گو ہے۔ ان شاءاللہ
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 1, 2022
Discussion about this post