23 مارچ کو لاس اینجلس میں پاکستانی کمیونٹی نے یوم پاکستان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کا خصوصی ویڈیو پیغام دکھایا گیا، جبکہ پاکستان کی قدرتی خوبصورتی پر مبنی ایک ڈاکیومینٹری بھی پیش کی گئی۔لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل، عاصم علی خان، تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب کا آغاز امریکہ اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا، جنہیں حاضرین نے بڑے جذبے سے گایا۔ قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔
فرینڈز آف پاکستان کے صدر جمال خواجہ نے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تنظیم کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح ان کے منصوبے امریکہ میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور اوورسیز پاکستانیوں کی مختلف شعبوں میں مدد کرنے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ جمال خواجہ نے ایف بی آئی، اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ، اور کیلیفورنیا کی سیاسی شخصیات سمیت مختلف امریکی سرکاری اداروں کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے یوم پاکستان کی تقریب میں بھرپور شرکت کی۔
تقریب سے فرینڈز آف پاکستان کے چیئرمین عارف منصوری اور اسٹیٹ سینیٹر ٹونی ایٹکنز نے بھی خطاب کیا، جنہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔ علاوہ ازیں، فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن، غزالہ حبیب، نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی اور اتحاد و یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔ یہ شاندار تقریب رات گئے تک جاری رہی، جس میں تمام شرکاء نے حب الوطنی، اتحاد، اور پاکستانی ثقافت کے خوبصورت رنگوں کو سمیٹا
Discussion about this post