پاکستانی بالر عمیمہ سہیل کی تباہ کن بالنگ نے پاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کا بھرپور موقع دے دیا۔ عمیمہ نے صرف 4 اوورز میں 13 رنز دے کر 5 سری لنکن کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم کی راہ دکھائی۔ بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے اس گروپ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیتا لیکن وہ میچ نہ جیت سکی۔ عمیمہ، توبہ حسن اور ندا ڈار کی غیر معمولی بالنگ کے سامنے سری لنکن ٹیم 19 ویں اوور میں صرف 112 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
جواب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز بھی اچھا نہ تھا۔51 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہوچکی تھیں لیکن اس مرحلے پر پہلے عالیہ ریاض نے ایک اچھی باری کھیلی اور پھر ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ندا ڈار کریز پر ڈٹ گئیں۔ پاکستان نے مقررہ ہدف 19 ویں اوور میں پورا کرلیا۔ ندا ڈار 26 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ منیبہ علی نے 10، سدرا امین 13، کپتان بسمہ معروف 13، عمیمہ سہیل 7 اور عالیہ ریاض 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔
اس شاندار جیت کے ساتھ عمیمہ سہیل کو بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا۔ ایشیا کپ میں قومی ٹیم نے 6 میچز کھیلے اور صرف ایک میں اسے ناکامی ہوئی اور پوائنٹ ٹیبل پر وہ دوسری پوزیشن پر ہے۔ پاکستانی ٹیم اب جمعرات کو سری لنکا سے ہی سیمی فائنل میں ٹکرائے گی۔
Discussion about this post