شاہ رخ خان اور دپیکا پدوکون کی 25 جنوری کو بڑے بجٹ کی فلم ” پٹھان ” سنیما گھروں کی زینت بننے جارہی ہے لیکن انتہا پسند فلم کے ایک گیت ” بے شرم رنگ ” کو لے کر کئی دنوں سے ہنگامہ برپا کررہے ہیں ۔ انتہا پسند ہندوؤں کا کہنا ہے کہ اس گیت کے زریعے ان کے مخصوص رنگ کی تذلیل کی گئی ہے۔ کیونکہ دپیکا پدوکون کا مختصر لباس قابل اعتراض ہے۔ مطالبہ تو یہ بھی داغا گیا کہ پہلی صورت میں اس گانے کوفلم سے نکالا جائے لیکن اس مرحلے پر پروڈیوسر اور ہدایتکار ان انتہا پسندوں کے سامنے ڈٹ گئے۔ صورتحال یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ انتہا پسندوں نے شاہ رخ خان کو قتل کی بھی دھمکیاں دینا شروع کردی ہیں۔
اب فلموں کی نمائش کے لیے سرٹی فکٹ جاری کرنے والے ادارے سی بی ایف سی نے انہی انتہا پسندوں کے دباؤ میں آکر مطالبہ کردیا ہے کہ ” پٹھان” کے مناظر میں تبدیلیاں کی جائیں تبھی نمائش کی اجازت ملے گی۔ سی بی ایف سی کے مطابق عوامی دباؤ اور ردعمل کو ذہن میں رکھتے ہوئے ” پٹھان ” کےمناظر اور متعلقہ گیت میں تبدیلی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کوشش صرف یہ کی جارہی ہے کہ دونوں فریقین کسی بات پر متفق ہوں اور فلم تنازعات سے پاک ہو اور آسانی کے ساتھ سنیما گھروں میں لگ جائے۔
Discussion about this post