پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 25-2024 میں 3 نئے چیمپئنز ٹورنامنٹس کا اعلان کر دیا۔ لاہور میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک چیمپئنز کپ ہر سال ہوگا، چیمپئنز کپ میں 5 ٹیمیں شرکت کریں گی، چیمپئنز کپ میں انٹرنیشنل کھلاڑی بھی کھیلیں گے۔تینوں فارمیٹس میں چیمپئنز کپ ون ڈے، چیمپئنز کپ ٹی ٹوئنٹی اور چیمپئنز کپ فرسٹ کلاس منعقد ہوں گے، نئے ڈومیسٹک سیزن میں فرسٹ کلاس اور دیگر میچوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو گا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے معاوضوں اور میچ فیس میں اضافے کا بھی اعلان کیا ۔ کیٹگری ون کے کھلاڑی کو ساڑھے 5 لاکھ روپے ملیں گے، پچھلے سیزن میں یہ معاوضہ 3 لاکھ روپے تھا۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑیوں کو 9 اگست کو طلب کیے جانے کا امکان ہے، قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ 10 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔ اس ٹیسٹ میں سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل دستیاب کھلاڑیوں کو بلایا جائے گا۔
Discussion about this post