اسلام آباد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت سیکیورٹی ایجنسیز کے سربراہان شریک ہوئے۔ اس موقع پر پاکستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے اجلاس میں منگل کو ہونے والے بشام واقعے پر بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ سیکیورٹی اداروں کے سربراہان کی جانب سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو رپورٹ پیش کی گئی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اجلاس کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بشام میں دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنائی جائے گی، کیونکہ اس میں چینی باشندوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان کو دیرینہ دوست ہے، یہی وجہ ہے کہ جب چینی باشندوں پر یہ افسوسناک حملہ کیا گیا، وزیراعظم نے تمام مصروفیات ترک کرکے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا، چینی سفیر سے اظہار افسوس کیا، اور اس افسوس ناک واقعے کی مذمت کی بلکہ تحقیقات کے حوالے سے یقینی دہانی کروائی کہ یہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے پُرعزم ہیں۔
Discussion about this post