اسلام آباد میں قومی ترقی برآمدات بورڈ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوا۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزارتِ تجارت و متعلقہ ادارے برآمدات کے 60 ارب ڈالر کے ہدف کے لیے اقدامات کریں۔ گزشتہ مالی سال ملکی برآمدات 30 ارب ڈالر سے زیادہ رہیں، حکومتی پالیسیوں کی بدولت آئی ٹی برآمدات 3.2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں جو خوش آئند ہے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ برآمد کنندگان کے مسائل کو آئندہ2ہفتے میں حل کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور وہ ہر ڈیڑھ ماہ بعد قومی ترقی برآمدات بورڈ کے اجلاس کی خود صدارت کریں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے سب کو محنت کرنی ہے، برآمدات بڑھانے میں کردار ادا کرنے والی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کو سلام پیش کرتے ہیں، وزارت تجارت برآمدات کی استعداد رکھنے والے شعبوں کے نمائندوں سے مل کر تجاویز کو حتمی شکل دے۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی اشیا کی برآمدات میں اضافے کے لیے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، جدت اور برانڈ ڈویلپمنٹ پر کام کیا جائے، ایف بی آر کی جانب سے برآمد کنندگان کے ریفنڈز میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں کیا جائے گا۔
Discussion about this post