وزیراعظم آفس پریس ونگ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر لندن سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معاشی بحالی سیاسی استحکام سے جڑی ہے، سیاسی انتشار کا مطلب عوام کو ریلیف دینے کے عمل کو متاثر کرنا ہے۔ عوام نے سیاسی استحکام کی مضبوطی میں کردار ادا کرکے معاشی ترقی کی حمایت کی ہے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی افراتفری میں قوم اور ملک کو بہت وقت ضائع ہوچکا ہے، مزید وقت ضائع کرنا ملک وقوم کے مفاد میں نہیں، وفاقی تمام صوبوں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل، مہنگائی میں کمی اور مساوی ترقی کے لیے بھرپور ساتھ دینے کی پالیسی پر کاربند رہے گا۔ مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں واپس آئی ہے، معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں۔ برآمدات میں اضافہ، روپے کا مستحکم ہونا، ترسیلات میں اضافہ، شرح سود کا کم ہونا، یہ سب معاشی ترقی کے واضح ثبوت ہیں۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انتشاری سیاست مسترد کرکے عوام نے معاشی پالیسیوں میں بہتری کو ترجیح دی ہے۔ عوام مہنگائی میں کمی، اپنے مسائل کا حل اور معاشی بہتری چاہتے ہیں۔ جلسوں کے لیے میدان بھرنے کی کوشش کرنے کے بجائے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ جلسے 2028 میں کریں گے، ابھی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لیے محنت کرنے کا وقت ہے۔
Discussion about this post