وزیراعظم شہباز شریف نے شام کی غیر مستحکم صورتحال کے پیش نظر پاکستانی شہریوں کی حفاظت اور محفوظ انخلاء کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں شام کی صورتحال اور وہاں موجود پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی، اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ باہمی تعاون سے اس عمل کو یقینی بنائیں اور جلد از جلد متاثرہ پاکستانیوں کو وطن واپس لائیں۔ وزیراعظم نے دفتر خارجہ کو ہدایت دی کہ شام سے وطن واپس آنے کے خواہشمند پاکستانیوں کو جلد از جلد ہمسایہ ممالک کے ذریعے محفوظ راستہ فراہم کیا جائے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ شام میں موجود پاکستانیوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو تاکید کی کہ اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔ وزیراعظم نے دمشق میں پاکستانی سفارت خانے کو ہدایت دی کہ وہ معلوماتی ڈیسک اور ہیلپ لائن قائم کریں تاکہ وہاں موجود پاکستانیوں کو فوری مدد اور رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ مزید برآں، دفتر خارجہ کے کرائسز مینجمنٹ یونٹ اور ہمسایہ ممالک میں موجود پاکستانی سفارت خانوں میں معلوماتی ڈیسک کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
Discussion about this post