الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر دفعہ 144 کے تحت پابندی کے باوجود ڈویژنل الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کرنے پر الیکشن میں حصہ لینے والے پی ٹی آئی کے 6 حمایت یافتہ امیدواروں سمیت 62 افراد اور 350 سے زائد نامعلوم کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانہ صادق آباد میں پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی، مجمع خلاف قانون اکھٹا کرنے، شاہراہ بلاک کرکے ٹریفک میں خلل ڈالنے، دھمکیاں دینے اور پتھراؤ کرکے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سمیت پولیس مزاحمت و دیگر دفعات شامل ہیں۔مقدمے میں تحریر کیا گیا کہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچا جنہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس شیلنگ کی تو گلیوں میں چلے گئے اور وقفے وقفے سے نکل کر پولیس پر پتھراؤ کرتے رہے۔ ملزمان نے لا اینڈ آرڈر کی خلاف ورزی کرکے پولیس اور کار سرکار میں مداخلت کرکے سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچایا، ایک سپاہی کو زخمی کیا اور عوام میں خوف پھیلا کر راستہ بند کیا جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
Discussion about this post