تحریک انصاف کے ڈی چوک احتجاج کے بعد بانی پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد میں مزید 14 مقدمات درج کیے گئے ہیں ، جس کے بعد ان کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی مجموعی تعداد 76 ہو گئی ہے۔ اسلام آباد پولیس کی طرف سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی ہے۔ قبل ازیں پولیس رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد میں 62 مقدمات درج تھے۔ اب پولیس رپورٹ جمع کرائے جانے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کے حصول کی درخواست نمٹا دی۔ بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔ عدالت میں نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات کی رپورٹس جمع کروا دی گئی ہیں۔ اسی طرح کے پی، سندھ اور بلوچستان کے مقدمات کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروا دی گئی ہے۔
Discussion about this post