پنجاب یونیورسٹی کے احاطے میں ہولی کھیلنے والے طالب علموں پر ایک طلبہ تنظیم کی جانب سے مبینہ حملے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ جس کے باعث 15 طالب علم کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حملے کے خلاف ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے طالب علموں نے پولیس کو درخواست دے دی ہے۔ اس سارے واقعے کی سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں۔ اس سلسلے میں ترجمان پنجاب یونیورسٹی کا موقف ہے کہ اقلیتی برادری کے افراد پر حملے میں ملوث طلبہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انتظامیہ نے ہندو برادری کے طالب علموں کو ہال میں ہولی منانے کی اجازت دی تھی لیکن وہ کھلے مقام پر تقریب کررہے تھے جسے روکنے کے لیے گارڈز وہاں پہنچے۔ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے طلبہ کو کھلے میدان میں ہولی کھیلنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ انہوں نے اس الزام کو بھی رد کردیا کہ سیکورٹی گارڈز نے طالب علموں پر تشدد کیا۔ اس سارے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا پنجاب یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے۔
Discussion about this post