سپریم کورٹ میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی ڈی سیٹ کرنے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی جس میں طلبی کے باوجود قاسم سوری ایک بار پھر پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے طلبی نوٹس قاسم سوری کے گھر کے باہر بھی چسپاں کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت کا موقف تھا کہ قاسم سوری جان بوجھ کر سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہو رہے۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ریکارڈ کے مطابق قاسم سوری کے بھائی بلال نےنوٹس وصول کرنے سے انکار کیا، سابق ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے نوٹس وصولی سے اجتناب بدقسمتی ہے۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے قاسم سوری کے وکیل نعیم بخاری سے مکالمہ کیا کہ آپ کےمؤکل میڈیا اور سوشل میڈیا پر بہت متحرک ہیں جس پر نعیم بخاری کہتے ہیں معلوم نہیں جناب میں تو ٹی وی نہیں دیکھتا۔ نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ اُن کا قاسم سوری سے کوئی رابطہ نہیں۔ چیف جسٹس نےریمارکس میں کہا کہ آئندہ سماعت جولائی میں رکھیں گے، عدالتی حکم میں آئندہ تاریخ مقررکردیں گے جس کے بعد سپریم کورٹ نے سماعت آئندہ ماہ تک ملتوی کر دی۔
Discussion about this post