کرکٹ بورڈ سے برطرف کیے جانے والے چئیرمین رمیز راجا جہاں اپنے یوٹیوب چینل پر پھر سے ان ہوگئے ہیں وہیں وہ حکومت مخالف چینلز کو بھی دھڑا دھڑ انٹرویو دینےمیں مصروف ہوگئے ہیں۔ سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے نجم سیٹھی پر تنقید کے گولے چلاتے ہوئے کہا کہ یہ کرکٹ بورڈ کرکٹرز کا ہے۔ یہاں پرباہر سے آکر لوگ یہ سمجھ رہے کہ رمیز راجا نے اچھا کام نہیں کیا۔ نجم سیٹھی کے لیے کرکٹ بورڈ کا پورا آئین بدل دیا گیا۔ رمیز راجا کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایسا دنیا میں ہوتے نہیں دیکھا، کوئی طور طریقہ ہوتا ہے بالخصوص ایسے میں جب مہمان ٹیم پاکستان کا دورہ کررہی ہیں تو سب الٹ پلٹ کرکے رکھ دیا۔ یہاں تک کہ چیف سیلکٹر تک بدل دیا۔ افسوس اس بات کا ہے کہ عزت کے ساتھ کرکٹ بورڈ سے جڑے افراد کوگھر نہیں روانہ کیا گیا۔
نجم سیٹھی رات کو دو بجے ٹوئٹ کرکے بتاتے ہیں کہ رمیز راجا باہر ہوگئے ہیں اور اسی بات کی چھبن ہوئی۔ تاثر یہ دیا گیا کہ جیسے کرکٹ بورڈ میں مسیحا آگئے ہیں۔ رمیز راجا نے الزام لگایا کہ جو لوگ بورڈ سے جڑے ہیں اب ان کے عزائم کچھ اور ہیں۔ ان کا کرکٹ کی بہتری سے کوئی تعلق نہیں۔ نجم سیٹھی اینڈ گروپ چوہدرہٹ کے لیے آئے ہیں۔ ان لوگوں کا کرکٹ سے کوئی لینا دینا نہیں۔ رمیز کے مطابق ان کی تین سال کی مدت کو بھی پورا نہیں ہونے دیا گیا۔ مڈل آف سیزن کرکٹ بورڈ کے کرتا دھرتاؤں کو ہٹانے کا یہ غلط طریقہ ہے۔ رمیز راجا کہتے ہیں کہ اس طرز عمل سے جب بیک ڈور سے بندوں کو بورڈ میں شامل کیا جائے گا تو کرکٹ تباہ ہوگی۔ رمیز راجا نے الزام لگایا کہ نجم سیٹھی اینڈ کمپنی نے کرکٹ بورڈ پر ایسا حملہ کیا کہ اُن کا سامان تک نہیں لینے دیا گیا۔ صبح 9 بجے سے کرکٹ بورڈ میں 17 کے قریب بندے دندناتے پھر رہے تھے اور ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے ایف ائی اے کا چھاپہ پڑ گیا ہے۔ نجم سیٹھی صرف اپنے تعلقات بڑھانے کےلیے کرکٹ بورڈ سے وابستہ ہوتے ہیں۔ اگر پاکستان میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ واپس آجاتی ہےتو یہ معجزہ ہی ہوگا۔ اس کرکٹ بورڈ پر کوئی اسپانسر اعتبار کرنے کو تیار نہیں ہے۔ رمیز کے مطابق انہوں نے ایک سال میں 5 ارب روپے کمرشل کی مد میں حاصل کیے۔
Discussion about this post