راولپنڈی میں ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) نے سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ 24 نومبر کو ہزاروں کی تعداد میں پی ٹی آئی مظاہرین راولپنڈی میں داخل ہوئے، پولیس نے روکا تو وہ تشدد پر اترآئے۔مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا، آنسو گیس کے شیل پھینکے۔ راولپنڈی ڈویژن کے 170 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے 2 کو گولی لگی، 24 نومبر کو احتجاج کے دوران مجموعی طور پر 262 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، پولیس کے ایس ایس پیز اور ڈی ایس پیز بھی زخمی ہوئے، پورے راولپنڈی میں مظاہرین میں سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ اس احتجاج کے دوران 1151 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا جن میں 64 افغان شہری تھے، گرفتار افغان ہاشندوں سے اسلحہ، بال بیرنگ، کیل لگے ڈنڈے برآمد ہوئے، مظاہرین اڈیالہ جیل کی جانب مارچ کا مسلسل اعلان کرتے رہے۔مظاہرین کی جانب سے اٹک کے مقام پر پولیس پر براہ راست فائرنگ کی گئی، پولیس کے 25 اہلکار تشویشناک حالت میں ہیں، پولیس کی 11 گاڑیوں کو آگ لگائی گئی، راولپنڈی ریجن میں 32 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
Discussion about this post