سپریم کورٹ میں 90 دنوں میں عام انتخابات کرانے کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے حکم دیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر آج ہی اس معاملے پر صدرِ مملکت سے مشاورت کریں۔ چیف جسٹس کے مطابق ابھی جائیں چیف الیکشن کمشنر سے کہیں کہ صدر سے مشورہ کریں اور آ کر عدالت کو بتائیں۔ پی ٹی آئی وکیل علی ظفر نے کہا کہ صرف پتھر پر درج انتخابات کی تاریخ چاہیے۔ پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ مشاورت پر کوئی اعتراض نہیں۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول سے متعلق سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا۔عدالت میں الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ 29 جنوری کو حلقہ بندیوں سمیت تمام انتظامات مکمل ہو جائیں گے، 11 فروی کو ملک بھر میں انتخابات ہوں گے۔ دوسری جانب سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کا کہنا تھا کہ 11 فروری کو انتخابات کے حوالے سے صدرِ مملکت سے مشاورت کا فیصلہ کر لیا ہے، جلد صدرِ مملکت سے مشاورت کی جائے گی۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ آج ہی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔
Discussion about this post