سپریم کورٹ نے الیکشن التوا کیس کا محفوظ فیصلہ سنادیا جس کے مطابق عدالت نے 14 مئی کو پنجاب میں الیکشن کرانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا ہے۔ فیصلے کے مطابق آئین الیکشن کمیشن کو 90 دن سے آگے جانے کی اجازت نہیں دیتا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کا 30 اپریل کو پنجاب میں انتخابات کا شیڈول بحال کردیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے حکومت کو 10 اپریل تک فنڈز مہیا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ پنجاب کی نگراں حکومت، چیف سیکرٹری اور آئی جی 10 اپریل تک الیکشن کی سکیورٹی کا مکمل پلان پیش کریں گے جبکہ وفاقی حکومت کو 21 ارب جاری کرنے کا کہا گیا ہے۔ پنجاب الیکشن کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی 10 اپریل اور اپیل فائل کرنے کی آخری تاریخ 17 اپریل ہوگی اور اسی طرح اپیلوں پر نظرثانی 18 اپریل تک ہوگی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 19 اپریل اور الیکشن نشانات 20 اپریل کو جاری کیے جائیں گے۔
Discussion about this post