منگل کو شاہ فیصل کالونی کے طاہر محمود کی اہلیہ نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ ان کے شوہر نے سی وی پر جا کر خود کشی کرلی ہے ۔ اہلیہ کے مطابق طاہر محمود نے پیر کو ویڈیو کال کی اور بتایا کہ وہ خودکشی کررہا ہے۔ پولیس نے تحقیقات کیں تو سمندر سے کوئی لاش نہیں ملی۔ حیران کن طور پر طاہر محمود آج منظر عام پر آگیا۔ جس نے پولیس کو بتایا کہ اس نے یہ سارا ڈراما بیوی کو ڈرانے دھمکانے کے لیے رچایا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ طاہر محمود دو بار سہرے کے پھول کھلا چکا ہے۔ طاہر محمود کے بیان کے مطابق بیوی سے روز جھگڑا ہوتا تھا اور اسی لیے بیوی کو سبق سکھانے کا سوچا۔ گھٹنوں گھٹنوں پانی میں جاکر اہلیہ کو ویڈیو کال کی تھی اورکہا کہ وہ خودکشی کر رہا ہے۔
گاڑی، پرس اور گاڑی کی چابی گاڑی میں ہی چھوڑ دی تھی۔ طاہر محمود کا کہنا تھا کہ کھانے پکانے پر بیوی سے تو تو میں میں ہوتی رہتی تھی۔ غصے میں آکر گھر سے چلا گیا تھا، وہ صرف گھر والوں کو ڈرانا چاہتا تھا اسی دوران چار افراد نے وہاں آکراُسے نام سے پکارا پلٹ کر دیکھا تو انہوں نے کچھ سنگھایا اوروہ بے ہوش ہوگیا جب ہوش آیا تو ناظم آباد میں تھا، ٹانگوں میں کچھ زخم بھی تھے، وہ پیدل صبح سویرے شاہ فیصل کالونی میں گھر پہنچا۔ شاہ فیصل کالونی تھانے کی پولیس کے مطابق خبر ملی تھی کہ طاہر شاہ فیصل کالونی میں کسی اسپتال میں علاج کے لیے آیا ہے جس پر تھانے طلب کرکے اس کا بیان قلم بند کیا گیا ہے۔
طاہر نے پہلے خودکشی کا ڈرامہ رچایا اور اب الٹ بیان دے دہا ہے، طاہر کو درخشاں پولیس کے حوالے کیا جائے گا اور درخشاں پولیس طاہر سے مزید تفتیش کرے گی۔ معلوم ہوا ہے کہ طاہر محمود کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔ پہلی شادی خاندان میں ہوئی جبکہ دوسری کراچی میں کی۔ طاہر محمود آن لائن ٹیکسی چلاتا ہے۔
Discussion about this post