اسلام آباد میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے مقدمات پر سماعتوں سے متعلق پہلی خصوصی عدالت قائم کر دی گئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نمبر ایک کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین خصوصی عدالت کے جج مقرر کیے گئے ہیں۔ اسی نوعیت کی عدالتیں اب ملک بھر میں قائم کی جارہی ہیں۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم عدالت میں ان کیمرہ سماعت ہوں گی۔ تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا سائفر گم شدگی کے معاملے پر کیس بھی اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلا۔ سماعت کے دوران ایف آئی اے نے شاہ محمود قریشی کا جسمانی ریمانڈ مانگا۔ موقف اختیار کیا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں شامل تفتیش کیا۔ شاہ محمود قریشی پر آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت سائفر گمشدگی کا مقدمہ درج ہے۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے شاہ محمود قریشی کے خلاف ان کیمرا سماعت کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔جسے بعد میں سنایا گیا تو معلوم ہوا کہ شاہ محمود قریشی کا 4 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔
Discussion about this post