محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں رن آف کچ کے علاقے کے اوپر ہواؤں کا شدید دباؤ ہے، ہواؤں کا یہ سلسلہ سندھ کی ساحلی پٹی کی جانب آج رات یا کل تک پہنچ سکتا ہے۔ ہواؤں کے اس دباؤ سے سائیکلون طوفان آنے کا خدشہ ہے جب کہ ہواؤں کے اس دباؤ کے وجہ سے سندھ کے علاقوں تھر پارکر، بدین، حیدر آباد، کراچی سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ڈیپ ڈپریشن کراچی کے جنوب مشرق میں 270 کلو میٹر دوری پر اور اب تک سسٹم خشکی پر ہے۔ امکان ہے کہ کل یہ ڈیپ ڈپریشن سمندر میں داخل ہوگا، طوفان بننے کی صورت میں کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ ممکنا طوفان کے باعث سمندر میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ اس طوفان کا نام اسنیٰ رکھا گیا ہے، اسنی کے معنی بلند تر ہیں، اس طوفان کا نام پاکستان کی جانب سے تجویر کیا گیا ہے۔
Discussion about this post