دہلی عدالت کا منفرد اور اچھوتا فیصلہ۔ عدالت عالیہ کے مطابق امیتابھ بچن کی آواز، نام یا تصویر تک کوئی ان کی اجازت کے بغیر نہیں استعمال نہیں کرے گا۔ ضرورت یوں پیش آئی کہ امیتابھ بچن کے وکیل عدالت پہنچ گئے اور شکوہ کیا کہ 80 برس کے بگ بی کے نام پر کوئی پاپڑ بیچ رہا ہے تو کوئی شرٹ تو کوئی اچار تو کوئی کچھ اور۔ حد تو یہ ہے کہ کچھ لوگ بالی وڈ کے شہنشاہ کی آواز کی نقل اتار کر بھی خوب رنگ بازی کررہے ہیں۔ وکیل کے مطابق یہ سارے اقدامات کرنے سے ان کے موکل یعنی امیتابھ بچن کی نجی زندگی خاصی متاثر ہورہی ہے۔ کچھ دھوکے باز امیتابھ بچن کے کروڑ پتی پروگرام کا انعام کا جھانسا دے کر دونمبری بھی کررہے ہیں۔
اسی لیے عدالت سے استدعا کی گئی کہ وہ ایسے سارے اقدامات کے خلاف کوئی حکم دے۔ جس پر دہلی ہائی کورٹ نے اب یہ فیصلہ سنایا کہ امیتابھ بچن کی آواز، تصویراور نام تک ان کی اجازت کے بغیر کسی نے استعمال کیا تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائےگی ۔ عدالت نے بھارتی الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت اور ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ بالی وڈ کے شہنشاہ کا ایسا سارا مواد ہر جگہ سےہٹا دیں۔
Discussion about this post