بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو گزشتہ روز 2 اکتوبر کو بھارتی سنیما گھروں میں نمائش پذیر ہونے والی تھی لیکن انتہا پسند جماعت نے پاکستانی فلم کی ریلیز ایک بار پھر روک دی۔ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ریلیز کے خلاف بھارتی عدالت میں درخواست دائر ہے جس کی وجہ سے فلم کی ریلیز بھارت بھر میں روک دی گئی ہے اور جب تک متعلقہ کیس پر عدالت کوئی فیصلہ نہیں دیتی فلم کی ریلیز تعطل کا شکار رہے گی۔ اس سے قبل بھارت میں یہ فلم دسمبر 2022 میں ریلیز ہونے والی تھی لیکن انتہاپسند ہندو گروپس اور مہاراشٹر نونرمان سینا کی شدید مخالفت کی وجہ سے اس فلم کی ریلیز کو منسوخ کرنا پڑا۔ پھر فلم کو زی اسٹوڈیوز کے بینر تلے 20 ستمبر 2024 کو بھارتی سنیما گھروں میں پیش کیا جانا تھا لیکن ایک بار پھر فلم کی ریلیز التوا کا شکار ہو گئی ہے۔ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے مرکزی کردار فواد خان اور ماہرہ خان اس تخلیق سے پہلے بالی ووڈ میں اپنی جگہ بنا چکے تھے۔
Discussion about this post