انڈین پریمیرلیگ میں ممبئی انڈیانز کو لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف جیتنے کے لیے 7 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے جب تلک ورما ریٹائرڈ آؤٹ ہو گئے۔ ممبئی انڈیانز کی مینجمنٹ نے انہیں پویلین واپس بلا لیا، جس کے بعد ٹیم 12 رنز کے فرق سے میچ ہار گئی۔ اس فیصلے پر زبردست تنازع کھڑا ہو گیا، اور ممبئی انڈیانز کے شائقین نے کپتان ہاردک پانڈیا پر شدید تنقید کی۔ فینز کا ماننا تھا کہ کپتان پانڈیا کی ہدایت پر ہی تلک ورما کو میدان چھوڑنا پڑا، تاہم حقیقت میں یہ فیصلہ ٹیم مینجمنٹ نے لیا تھا، نہ کہ ہاردک پانڈیا نے۔ اس معاملے پر ہیڈ کوچ جے وردھنے نے وضاحت دیتے ہوئے کہہ کہ تلک ورما رنز بنانا چاہتے تھے، لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے۔ وہ کافی دیر تک کریز پر موجود تھے، اور ہم ان کی جانب سے بڑے شاٹس کی توقع کر رہے تھے، جو ممکن نہ ہو سکے۔ جب صرف 7 گیندیں باقی تھیں، تو میں نے فیصلہ کیا کہ نیا بلے باز آنا چاہیے کیونکہ تلک ورما جدوجہد کر رہے تھے۔ ہاردک پانڈیا نے بھی اس پر اپنا ردعمل دیا اور کہا، ہمیں کچھ بڑے شاٹس کی ضرورت تھی، لیکن کرکٹ میں بعض دن ایسے ہوتے ہیں جب چیزیں آپ کے حق میں نہیں جاتیں۔ ہمیں اچھا کرکٹ کھیلنا چاہیے، اور میں چیزوں کو آسان رکھنا پسند کرتا ہوں۔ بہتر فیصلے کریں، ہوشیاری سے باؤلنگ کریں، اور بیٹنگ میں مواقع حاصل کریں۔ اگر آپ جارحیت کے ساتھ سادہ کرکٹ کھیلیں گے تو لمبی ٹورنامنٹ کے دوران کچھ فتوحات آپ کو ضرور ملیں گی، اور آپ اپنی فارم میں واپس آ جائیں گے۔"
جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور تلک ورما اس میچ میں امپیکٹ پلیئر کے طور پر آئے، لیکن وہ رنز بنانے میں مشکلات کا شکار نظر آئے۔ انہوں نے 23 گیندوں پر صرف 2 چوکے لگا کر 25 رنز بنائے، جو سب کے لیے حیران کن تھا۔ آخری لمحات میں، جب ممبئی انڈیانز کو جیت کے لیے 7 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے، ٹیم مینجمنٹ نے تلک ورما کو ریٹائرڈ آؤٹ قرار دے دیا۔ اس فیصلے پر سوشل میڈیا پر شدید بحث ہو رہی ہے، اور کرکٹ کے حلقوں میں بھی یہ موضوع زیرِ بحث ہے۔ لیکن کئی سابق کرکٹرز نے اس فیصلے پر شدید تنقید کی۔ محمد کیف، ہربھجن سنگھ، عرفان پٹھان، اور سریواتس گوسوامی نے سوشل میڈیا پر تلک ورما کو ریٹائر آؤٹ کرنے پر اعتراض کیا اور اسے ایک ناقص حکمتِ عملی قرار دیا۔ محمد کیف نے ٹوئٹر پر لکھا کہ کیا تلک ورما کو سنتنر کے لیے ریٹائر کرنا غلطی تھی؟
ممبئی انڈیانز کی مشکلات میں اضافہ
ممبئی انڈیانز کے لیے پریشان کن خبریں یہیں ختم نہیں ہوئیں۔ ان کے تجربہ کار بلے باز روہت شرما کو وارم اپ کے دوران گھٹنے پر چوٹ لگ گئی، جس کے باعث وہ اس میچ میں شرکت نہ کر سکے۔ یہ انجری ٹیم کے لیے ایک نیا دردِ سر بن گئی ہے۔ ممبئی انڈیانز اس سیزن میں اب تک صرف ایک میچ جیت سکے ہیں، جو انہوں نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ پر جیتا تھا۔ اب ان کی اگلی آزمائش رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ہوگی، جہاں وہ کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے۔
Discussion about this post