صرف 25 برس کے ہیں نامور فلسطینی صحافی معتز عزیزہ ، جنہیں امریکی جریدے ” ٹائم میگزین ” نے 2024 کے 100 سب سے بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ معتز عزیزہ غزہ میں جنگ کے دوران فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھا رہے ہیں۔ غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد انسٹاگرام پر معتز عزیزہ کے فالوورز میں کئی گنا اضافہ دیکھا گیا، اس کا اندازہ یوں لگائیں کہ اکتوبر سے 100 دنوں میں ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد تقریباً 27 ہزار 500 سے بڑھ کر ایک کروڑ 82 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ معتز عزیزہ نے 100 دنوں سے زائد عرصے تک غزہ کی تباہ کاری، زخمی بچوں، خواتین، انسانی بحرانوں اور شہر کی اصل کہانی ویڈیو اور تصاویر کے ذریعے اقوام عالم تک پہنچائی۔ جبھی انہیں ” غزہ کا ہیرو” بھی کہا جاتا ہے۔ ٹائم میگزین میں اپنے نام کی شمولیت پر معتز عزیزہ کا کہنا تھا کہ ’غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ آپ کے لیے صرف کانٹینٹ نہیں ہے، آپ کے لائکس یا ویوز یا شیئرز ہم آپ کو یہ نہیں بتا رہے ہیں کہ وہاں کیا ہو رہا ہے، ہم آپ کے فیصلوں کا انتظار کررہے ہیں، غزہ جنگ رکنے کا انتظار کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ امریکی جریدہ ہر سال بااثر شخصیات کی فہرست شائع کرتا ہے، جس میں دنیا بھر کی سیاسی، سماجی، شوبز، اسپورٹس، ٹیکنالوجی اور بزنس سے متعلق شخصیات سمیت دیگر شعبہ سے منسلک افراد کو ان کی نمایاں خدمات کی بنا پر شامل کیا جاتا ہے۔
Discussion about this post