توشہ خانہ 2 کیس میں سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم کے علاوہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی بھی اڈیالہ جیل میں تھیں۔ اسپیشل عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے فرد جرم پڑھ کرسنائی جس کے بعد توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 18 دسمبرتک ملتوی کردی گئی۔ یاد رہے کہ 5 دسمبر کو سماعت کے دوران بشریٰ بی بی حاضر نہیں ہوئی تھیں جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے۔ عدالت نے ملزمہ کے ضامن کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی تھی۔ توشہ خانہ ٹو کیس میں اکتوبر کے آخری ہفتے میں بشریٰ بی بی کو عدالت نے 10 لاکھ روپے کی ضمانت پر رہا کرنے کے احکام جاری کیے تھے، جس کے بعد ان کی رہائی کی روبکار جاری کی گئی تھی اور بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے نکل کر پشاور چلی گئی تھیں۔
Discussion about this post