امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں تقریب کے دوران یورپی یونین اور 46 ممالک پر نئے تجارتی محصولات کے نفاذ کا اعلان کیا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس کے بعد امریکا ایک نئے سنہری دور میں قدم رکھے گا۔ وقت آگیا ہے کہ امریکا کو اقتصادی طور پر خوشحال بنایا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان نئے ٹیرف کے ذریعے امریکا میں غیر منصفانہ تجارتی تعلقات کو ختم کیا جائے گا، خاص طور پر ان ممالک کے ساتھ جنہوں نے امریکی صنعتوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق یورپی یونین پر 20 فیصد اضافی ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے جبکہ چین پر 34 فیصد اور جاپان پر 24 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔
بھارت پر 26 فیصد، اسرائیل پر 17 فیصد اور برطانیہ پر 10 فیصد ٹیرف لگایا جائے گا۔ امریکی مصنوعات پر 58 فیصد ٹیرف عائد کرنے والے پاکستان کے متعلق امریکی صدر نے کہا کہ اب پاکستان پر 29 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، ترکیہ، سعودی عرب، قطر اور افغانستان پر 10، 10 فیصد اضافی ٹیرف عائد کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ ویتنام پر 46 فیصد، تائیوان پر 32 فیصد، جنوبی کوریا پر 25 فیصد، تھائی لینڈ پر 36 فیصد، سوئٹزرلینڈ پر 31 فیصد، انڈونیشیا پر 32 فیصد اور ملائیشیا پر 24 فیصد ٹیرف عائد کیے گئے ہیں۔ بنگلادیش پر 37 فیصد، کمبوڈیا پر 49 فیصد، جنوبی افریقا پر 30 فیصد، برازیل اور سنگاپور پر 10، 10 فیصد ٹیرف عائد ہوں گے۔ امریکی صدر کہتے ہیں کہ حاصل شدہ محصولات کو امریکا میں ٹیکس کی شرح کو کم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
Discussion about this post