امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلا ’گولڈ کارڈ‘ ویزا پیش کردیا ہے جس کی قیمت 50 لاکھ امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔ یہ گولڈ کارڈ خصوصی رہائشی اجازت نامہ ہے جسے "دی ٹرمپ کارڈ” کا نام دیا گیا ہے۔ تقریب رونمائی کے موقع پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اس کارڈ کے پہلے خریدار ہیں۔ یہ خصوصی ویزا کارڈ عوام کے لیے دو ہفتوں سے بھی کم وقت میں دستیاب ہوگا۔ کہا جارہا ہے کہ یہ کارڈ دراصل گرین کارڈ کا ایک مہنگا ورژن ہے جسے صدر ٹرمپ نے سرمایہ داروں، کاروباری شخصیات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے والوں کو امریکا آمد کی ترغیب دینے کے لیے متعارف کرایا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق یہ کارڈ امریکی شہریت حاصل کرنے کا ایک آسان، فوری اور جدید راستہ ہوگا۔
امریکی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ سمیت دیگر عہدیداروں کی برطرفی کے معاملے پر صدر ٹرمپ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ ان لوگوں کو نکالیں گے جو فائدہ اٹھانے والے ہوں گے۔ یہ وہ لوگ ہوں گے جو ہمیں پسند نہیں، جن کی وفاداریاں کسی اور کے ساتھ ہوسکتی ہیں۔ یاد رہے کہ حال ہی میں ڈائریکٹر فار انٹیلی جنس برائن والش کو برطرف کردیا گیا ہے۔ جبکہ لیجسلیٹو افیئر ڈائریکٹر تھامس بوڈرے اور ٹیکنالوجی اور نیشنل سیکیورٹی ڈائریکٹر ڈیوڈ فیتھ بھی برطرف ہونے والوں میں شامل ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کا دعویٰ ہے کہ یمن پر امریکی حملوں کے لیے این ایس اے کے سوشل میڈیا گروپ میں صحافی کو شامل کیے جانے کے معاملے کے بعد برطرفیاں کی گئی ہیں۔
Discussion about this post