ٹی وی اور فلم کی اداکارہ تونیشا شرما کی خودکشی نے ہر ایک کو غم زدہ کردیا ہے۔ اداکارہ نے ممبئی میں ڈرامے کی عکس بندی کے دوران 24 دسمبر کو سیٹ پر خاموشی کےساتھ موت کو گلے لگا لیا تھا۔ تونیشا شرما کی یوں وقت سے پہلے دنیا چھوڑ کر جانے کی ایک وجہ محبت میں ناکامی کو قرار دیا جارہا تھا۔ اس سلسلے میں اداکارہ کے سابق بوائے فرینڈ شیزان خان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا دعویٰ تھا کہ شیزان کے ایس ایم ایس ، واٹس ایپ چیٹ اور کال ریکارڈنگ کی بھی چھان بین کی جارہی ہے۔ یہاں تک کہ تونیشا اور شیزان کے سیل فون سیٹس کو فزانزک لیب بھیج دیا گیا ہے۔
مختلف متضادبیانات
شیزان اور تونیشا ایک دوسرے کو دل دے چکے تھے لیکن حال ہی میں شردھا اور آفتاب مقدمے کے بعد دونوں خوف زدہ تھے۔ انہیں یہ خدشہ تھا کہ کہیں وہ ” لو جہاد” کا شکار نہ ہوجائیں۔ اسی بنا پر دونوں نے ایک دوسرے سے ناطہ توڑ لیا تھا۔ دوسری جانب تونیشا کی والدہ کا کہنا ہے کہ انہیں بیٹی کے نئے تعلق کا 6 ماہ پہلے علم ہوا تھا جس کی خوشی ہوئی لیکن 15 دن پہلے شیزان کے یوں رشتہ توڑنے پر بیٹی شدید تناؤ اور ذہنی دباؤ کا شکار رہی۔
تونیشا کی والدہ نے بیٹی کی موت کا ذمے دار شیزان کو ہی قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق تونیشا کو وہ ڈاکٹرز کے پاس بھی لے کر گئیں جنہوں نے یہی مشورہ دیا کہ وہ ہر قسم کے ذہنی دباؤ سے خود کو دور رکھیں۔ اُدھر شیزان خان کی بہنوں شفق اور فلک ناز جو خود بھی اداکاری کرتی ہیں انہوں نے میڈیا سے کہا ہے کہ وہ اس سارے معاملے میں دونوں خاندانوں کو مزید دباؤ کا شکار نہ کریں۔
پوسٹ مارٹم میں کیا سامنے آیا ؟
تونیشا شرما کی پوسٹ مارٹم میں اس جانب اشارہ کیا گیا ہے کہ اداکارہ کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی۔ تونیشا شرما اس سے قبل بھی اقدام خودکشی کرچکی تھیں لیکن اُس وقت شیزان خان نے انہیں موت کی آغوش میں جانے سے بچایا۔
لو جہاد کی نفرت کا زہر
انتہا پسند بھارتی تنظیموں نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک بار پھر تونیشا شرما کو لو جہاد سے جوڑ دیا ہے۔ بھارتیا جنتا پارٹی کے کئی لیڈر یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ تونیشا شرما کی موت لو جہاد کا نتیجہ ہے اور اب اس کے خلاف سخت سے سخت قانون سامنے لانے چاہیے تاکہ مستقبل میں کوئی مسلم بھارتی کسی ہندو لڑکی سے شادی نہ کرے اور ناہی اسے دھوکہ دے۔ دوسری طرف ممبئی کی پولیس پہلے ہی واضح کرچکی ہے اس سارے معاملے کا ” لو جہاد” سے کوئی تعلق نہیں۔
Discussion about this post