سماجی رابطے کی ویب سائٹ ” ٹوئٹر” نے ایک بار پھر فیس وصول کرنے کے بعد صارفین کو ” بلیو ٹک ” کی سروس کا آغاز کردیا ہے۔ یہ نئی سہولت ” ٹوئٹر بلیو” کے نام سے شناخت کی جائے گی۔ خاص بات یہ ہے کہ اس نئی سہولت کے بعد صارفین ٹوئٹس میں ردبدل اور 1080 پکسل کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے اہل بھی ہوں گے۔ صارفین سے ماہانہ 8 ڈالر وصول کیے جائیں گے جبکہ ایپل صارفین کے لیے یہ رقم 11 ڈالر ماہانہ ہوگی۔ ٹوئٹر کے مطابق ان کے پاس سیکڑوں کی تعداد میں صارفین کی درخواست آچکی ہیں جو نئی سہولت سے فائدہ اٹھانے کی خواہش رکھتے ہیں۔
دوسری جانب بیشتر صارفین کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر کی اس نئی سہولت کے بعد غلط معلومات کے پھیلاؤ میں بتدریج اضافہ ہوگا کیونکہ کوئی بھی 8 ڈالر کی ادائیگی کرکے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے کوئی بھی غیر مصدقہ بات کی تشہیر کرسکتا ہے۔ اس سلسلے میں ٹوئٹر پر یہ ذمےداری بنتی ہے کہ وہ اس پہلو کو بھی ذہن میں رکھے۔ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک بہرحال یہ اعلان کررہے ہیں کہ مفت میں بلیو ٹک حاصل کرنے والے تمام اکاؤنٹس سے آئندہ چند ماہ کے دوران ان کے بلیو ٹک کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے تو اپنی قانونی ٹیم میں بھی تبدیلی کردی ہے۔ ٹوئٹر نے دفاتر کے کرایوں کی ادائیگی بھی روک دی ہے۔ منصوبہ تو یہ بھی ہے کہ سابق ملازمین کے علیحدگی کے پیکجز کی ادائیگی بھی نہ کرنے پر بھی غور ہو۔ یاد رہے کہ ایلون مسک کے چارج سنبھالے کے بعد ٹوئٹر کمپنی سے کئی ملازمین کو نکالا گیا۔
Discussion about this post