جدید سیکیورٹی فیچرز پر مبنی نیا 100 درہم کا کرنسی نوٹ پالیمر مواد سے تیار کیا گیا ہے اور جدید ترین ڈیزائن اور سیکیورٹی خصوصیات سے مزین ہے۔ یہ نیا نوٹ متحدہ عرب امارات کی قومی کرنسی کے تیسرے اجرا کا حصہ ہے جس کا ڈیزائن متحدہ عرب امارات کی ترقی، ثقافتی ورثے اور عالمی اقتصادی مرکز کے طور پر اس کی کامیابیوں کو اجاگر کرتا ہے۔ جدید نئے نوٹ کو سرخ رنگ کے مختلف شیڈز میں تیار کیا گیا ہے تاکہ عوام اسے آسانی سے موجودہ نوٹ سے پہچان سکیں، اس پر متحدہ عرب امارات کا نیشنل برانڈ اور جدید پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے تیار کردہ خاکے اور تحریریں شامل ہیں۔ نوٹ کے سامنے کی جانب اُم القیوین کا تاریخی قلعہ دکھایا گیا ہے جو ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرتا ہے، پچھلے رخ پر فجیرہ پورٹ اور اتحاد ریل کی تصاویر ہیں جو متحدہ عرب امارات کی جدید انفرا اسٹرکچر اور اقتصادی ترقی کی عکاس ہیں۔
نئے نوٹ میں ’سپارک فلو ڈائریکشن‘ اور’ کائن گرام کلر‘جیسی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے تاکہ جعلی نوٹوں کی روک تھام ممکن ہو، نوٹ پر بریل علامات بھی شامل کی گئی ہیں تاکہ بصارت سے محروم افراد بھی اس کی مالیت آسانی سے شناخت کر سکیں۔ پالیمر سے تیار کردہ یہ نوٹ کاغذی نوٹ کے مقابلے میں دو گنا زیادہ دیر تک گردش میں رہ سکتے ہیں جو انہیں ماحول دوست اور کم خرچ بناتا ہے۔
Discussion about this post