اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئٹرز میں سے دو تہائی مواد شیئر کرنے سے قبل معلومات کی جانچ پڑتال نہیں کرتے۔ امریکی ریاست اوہائیو کی یونیورسٹی کی تحقیقی ٹیم کی مدد سے اس رپورٹ کو تیار کیا گیا جس میں دنیا کے 45 ممالک سے 500 کریئٹرز شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 62 فیصد ڈیجیٹل کونٹینٹ کریئٹرز نے اپنے صارفین کے ساتھ مواد شیئر کرتے وقت فیکٹ چیک نہ کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ تقریباً ایک تہائی یعینی 33.5 فیصد نے کہا کہ وہ سورس اور کریئٹر کے قابل اعتبار ہونے کی وجہ سے مواد شیئر کریں گے۔ اسی طرح 36.9 فیصد کریئٹرز نے کہا کہ وہ کونٹینٹ شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق کرتے ہیں۔ کچھ کریئٹرز نے اپنے کام کے دوران معلومات کے درست اور ٹھیک ہونے کی اہمیت پر زور دیا اور تصدیق کے بغیر شیئر کی جانے والی معلومات کے ممکنہ نتائج کو اجاگر کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ کونٹینٹ کریئٹرز میں حقائق کی جانچ کرنا معمول نہیں جبکہ انہیں معلومات کے درست ہونے کا پتا لگانے کے لیے دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 42 فیصد جواب دہندگان نے کہا کہ وہ معلومات کے درست ہونے کے حوالے سے سوشل میڈیا پوسٹ پر لائکس اور شیئرز کی تعداد پر انحصار کرتے ہیں تقریباً 21 فیصد کا کہنا تھا کہ اگر ان کے قابل اعتماد دوست کونٹینٹ شیئر کرتے ہیں تو وہ بھی اسے شیئر کرتے ہیں، 19 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ پوسٹ کے درست ہونے کا تعین اس کو لگانے والے کو دیکھ کر کرتے ہیں۔ یونیسکو کا کہنا تھا کہ اس نے ڈیجیٹل کونٹینٹ کریٹرز کے لیے تربیتی پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد کونٹینٹ کریئٹرز کو غلط معلومات اور نفرت انگیز تقاریر سے نمٹنے کے لیے جدید طریقوں سے آگاہ کرنا ہے۔تربیتی پروگرام کا کا آغاز ہو چکا ہے جس میں 160 ممالک سے 9 ہزار لوگ حصہ لے رہے ہیں۔
Discussion about this post