یورپی یونین کے وہ قوانین جن میں کمپنیوں کو تمام نئے اسمارٹ فونز، ٹیبلٹس اور کیمروں کے لیے ایک ہی چارجر قابل استعمال بنانے کا پابند کیا گیا ہے، ہفتے کے روز نافذ العمل ہو گئے جس کے بارے میں برسلز نے کہا کہ قوانین سے لاگت اور کچرے میں کمی آئے گی۔ اب کمپنیاں 27 ممالک کے بلاک میں فروخت ہونے والے آلات کو یو ایس بی ٹائپ سی بنانے کی پابند ہیں، اس طرح کے چارجرز کو یورپی یونین نے الیکٹرانک ڈیوائسز کو چارج کرنے کے لیے ایک معیار کے طور پر منتخب کیا ہے۔ یورپی یونین کی پارلیمنٹ نے تمام نئے موبائل فونز، ٹیبلٹس، ڈیجیٹل کیمرے، ہیڈ فون، اسپیکر، کی بورڈ اور یورپی یونین میں فروخت ہونے والے بہت سے دیگر الیکٹرانکس آلات میں چارجنگ پورٹ کو سی ٹائپ بنانا ہو گا۔ یورپی یونین کے مطابق ایک ہی چارجر کا قانون یورپی شہریوں کی زندگی کو آسان بنائے گا اور صارفین کے لیے اخراجات میں کمی لائےگا، اب صارفین کو نئے چارجر کے بغیر نئے آلات خریدنے کی سہولت ملے گی، یہ قانون فالتو چارجرز کے پہاڑ کو بھی کم کر دے گا۔ اس قانون کو پہلی بار 2022 میں امریکی ٹیک کمپنی ایپل کے ساتھ تنازع کے بعد منظور کیا گیا تھا اور کمپنیوں کو رواں برس 28 دسمبر تک اس کو اپنانے کی اجازت دی تھی۔
Discussion about this post