لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ریلیف بالکل بروقت دیا گیا اور حکومت نے آئی ایم ایف کو بھی قائل کرکے بڑا کارنامہ انجام دیا ہے۔ جن کے آئی پی پیز اور بجلی کمپنیوں سے مفادات جڑے تھے، وہ اب عوامی ریلیف کو برداشت نہیں کر پا رہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کرپشن کے قصے زبان زد عام ہیں۔ گنڈا پور کی طرف سے پارٹی پر 75 کروڑ روپے خرچ کرنے کا بیان قابل تشویش ہے۔ صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی صورت حال بدتر ہے اور ہینڈ گلوز جیسے بنیادی سامان کی خریداری پر بھی کرپشن کے شواہد موجود ہیں۔ پانی کی تقسیم کے مسئلے پر سیاست کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو جلسوں میں کھڑے ہو کر مسئلہ حل کرنے کے بجائے ذمے دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ پیپلزپارٹی اتحادی جماعت ہے ان سے کوئی لڑائی نہیں، بیان بازی سے کینالز کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا ہے عیدالفطر کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جو گرمی کے موسم میں عوام کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔ وزیراعظم جلد ہی ایک اور بڑی خوشخبری کا اعلان کرنے والے ہیں۔
Discussion about this post