مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے الزام لگا یا ہے کہ مریم نواز کے حکم پر جیل میں بشریٰ بی بی کو تنگ کیا جا رہا ہے۔ باپردہ خاتون کی کیمروں کے سامنے تلاشی لے کر تضحیک کی جا رہی ہے۔ مشیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ بشریٰ بی بی کو رات کو نیند سےجگا کر سیل کی تلاشی کے بہانے ذہنی اذیت دی جا رہی ہے یہاں تک کہ بالوں کی تلاشی بھی لی جا رہی ہے۔بشریٰ بی بی کے ذریعے بانیٔ پی ٹی آئی کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کے الزامات پر پنجاب کے وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی انڈے کھائیں، مرغی کھائیں یا یخنی پلاؤ کھائیں مریم نواز کو کوئی پرواہ نہیں۔ جھوٹ بولنا اور سنسنی خیز خبریں بنوانا بشریٰ بی بی کا پرانا شوق ہے، روزانہ خبروں میں رہنے کا یہ بہت بھونڈا طریقہ ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب کہتی ہیں کہ مریم نواز کے فرشتوں کو بھی خبر نہیں کہ بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل کے کس سیل میں ہیں۔ مریم نواز نے جیل کی سختیاں برداشت کر لیں لیکن کبھی عورت کارڈ استعمال نہیں کیا، بشریٰ بی بی توشہ خانے کے تحائف چوری کرنے اور 190 ملین پاؤنڈ کی بندر بانٹ کے جرائم میں جیل میں قید ہیں۔ ان میاں بیوی کو جیل میں جو سہولتیں میسر ہیں ان کا ایک آزاد شہری تصور بھی نہیں کر سکتا۔
Discussion about this post