امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے دوسرے ممالک میں موجود سفارتکاروں کو ان افراد کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کرنے کا حکم دیا ہے جنہوں نے اسٹوڈنٹ یا کسی اور ویزا کے لیے درخواست دے رکھی ہے۔ سفارتکار اسٹوڈنٹ ویزا کیلئے درخواست دہندگان کے سوشل میڈیا مواد کی چھان بین کریں۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بتایا کہ اس کا مقصد امریکا اور اسرائیل پر تنقید کرنے والوں کو امریکا میں داخلے سے روکنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مارکو روبیو نے یہ ہدایات ایک طویل کیبل کے ذریعے 25 مارچ کو دوسرے ممالک میں موجود سفارتی مشنز کو بھیجی ہیں۔ سفارتی مشنز کو بھیجے جانے والے کیبل کی معلومات رکھنے والے دو امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اخبار کو بتایا کہ مارکو روبیو کی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ’فوری طور پر قونصلر افسر کو بعض طلبہ اور وزیٹر ویزا میں تبدیلی کی درخواست دینے والوں کو ’لازمی سوشل میڈیا جانچ‘ کے لیے ’فراڈ پریوینشن یونٹ‘ بھیجنا ہوگا۔ سفارت خانے یا قونصل خانے کے قونصلر امور کے سیکشن کا فراڈ پریوینشن یونٹ، جو ویزا جاری کرتا ہے، درخواست دہندگان کی اسکریننگ میں مدد کرتا ہے۔
Discussion about this post