محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سردی شدت عروج پر ہے۔ کراچی میں کم سے کم پارہ 8.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی یخ بستہ ہواؤں کے باعث کراچی میں سردی کی لہر برقرار ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔ کہا جارہا ہے کہ ان ٹھنڈی ہواؤں کی بنا پر سردی کی شدت اصل درجہ حرارت سے 2 تا 4 درجے زیادہ محسوس ہو رہی ہے، دن بھر 5 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مختلف سمتوں سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اُدھر ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح و رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ صبح و رات میں شمال مشرقی پنجاب میں درمیانی سے شدید جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دُھند چھائے رہنے کی امید ہے۔ کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار اور بالائی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔ دوسری جانب خیبر پختون خوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد و خشک رہنے جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
Discussion about this post