بیشتر تنقید نگاروں کا خیال تھا کہ سشمیتا سین اب عمر کے اس حصے میں داخل ہوگئی ہیں کہ اُنہیں کم از کم اداکاری تو چھوڑ دینی چاہیے لیکن گزشتہ برس ان کی ایکشن سے بھری ایڈونچر ویب سیریز ’آریہ‘ آئی تو ایسا لگا کہ فلمی دنیا میں سشمیتا سین کا یہ دوسرا روپ ہے۔ کرائم تھرلر سیریز کی کل 9اقساط تھیں۔ جس کی کہانی گھومتی تھی ڈرگ مافیا کے گرد، جو دوائیوں کے آرڈرز میں ڈرگز کا دھندا بھی کرتے ہیں۔ حقیقت کا علم ہونے پر ویب سیریز کی ہیروئن یعنی آریہ کے شوہر اس مکروہ دھندے سے الگ ہونا چاہتے ہیں تو پھر اندھی گولی، اُن کی زندگی کا خاتمہ کردیتی ہے۔ جس کے بعد آریہ شوہر کے قاتلوں تک پہنچنے کی کوشش کرتی ہے تو کئی رازوں پر سے پردہ اٹھتا ہے۔ اس دھندے میں اس کا اپنا خاندان ملوث پایا جاتا ہے لیکن ثابت قدمی کے ساتھ منشیات کے اس نیٹ ورک کو سزا دلانے کے لیے کمر کس لیتی ہے اور یہیں اس ویب سیریز کا پہلا سیزن ختم ہوجاتا ہے۔
آریہ 2میں ایک بار پھر سشمیتا سین کی انٹری
آج ریلیز ہونے والے دوسرے سیزن میں آریہ پہلے سے زیادہ خطرناک نظر آئی ہیں۔ اس بار سیزن 2میں کل 8اقساط ہیں۔ جن میں سشمیتا سین کی اداکاری پہلے سے زیادہ بہتر ین ہوئی ہے۔ بالخصوص اس سیزن میں جہاں وہ اپنے بچوں کو دشمنوں سے بچانے کی جدوجہد کررہی ہیں، وہیں یہ جستجو بھی ہے کہ ان کے والد اور بھائی جو منشیات کے کاروبار سے جڑے ہیں، ان کو بھی سزا ملے لیکن ہر قسط میں کہانی نیا موڑ لے رہی ہے۔ کچھ ایسے راز ہیں، جو آریہ کو مجبور کررہے ہیں کہ وہ اصل حقیقت تک نہ پہنچیں۔ کرائم تھرلر سیریز کی ابتدائی اقساط میں کہانی ذرا دھیرے دھیرے آگے بڑھ رہی ہے لیکن پھر اچانک ہی ایکشن کا طوفان برپا ہوگا۔بالخصوص سشمیتا سین نے جس طرح کسی ہیرو کی طرح ایکشن میں خود کو پیش کیا ہے، یہ ظاہر کرتا ہے کہ عمر بڑھ گئی تو کیا اُن کی اداکاری میں اب وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نکھار آگیا ہے۔
بہرحال اس سیزن کا خاصہ یہ بھی ہے کہ کیا حقیقت عیاں ہونے کے بعد آریہ، شوہر کے قاتلوں کو معاف کرپائے گی؟ اسی طرح کلائمکس میں وہ خود ایک ایسے راز تک پہنچتی ہے، جو اُس کی سوچ ہی بدل دیتا ہے۔وہ انتقام کے شعلے جو اس کے اندر دھک رہے ہوتے ہیں، وہ ٹھنڈے پڑیں گے یا اور بھڑک اٹھیں گے، یہی ویب سیریز کی خاص بات ہے۔ والد اور بھائی کی موت کے بعد اب وہ تن تنہا اس کاروبار سے منسلک ہوچکی ہے، جس میں کافی حد تک منشیات کا استعمال ہوتا ہے، جو اس جانب بھی اشارہ کررہا ہے کہ آریہ نے ذہنی طور پر یہ تسلیم کرلیا کہ وہ ڈرگ مافیا کو شکست نہیں دے سکتی یا پھر یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آریہ اب انہی کے رنگ ڈھنگ میں آ کر کچھ اور منصوبہ بنارہی ہو۔اس کا اندازہ یوں لگایا جاسکتا ہے کہ جس طرح ویب سیریز کے اس سیزن کا اینڈ ہوا، اس سے تو یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آریہ کا اب اگلے سیزن بھی پیش کیا جائے گا۔
آریہ 2میں اس بار کون کون ہے؟
‘آریہ 2’ میں زیادہ تر ایسے کردار نظر آنے والے ہیں جنہوں نے پہلے سیزن میں ہی شائقین کو محظوظ کیا تھا۔ جیسے سکندر کھیردولت، انکور بھاٹیہ الیکسن اونل اور ویرین وزیرانی ۔اسی کے ساتھ آریہ کے وہ 3 بچے جو گزشتہ سیزن میں کم عمر تھے، وہ کچھ حد تک جوان ہوچکے ہیں۔
Discussion about this post