بھارتی ٹی وی چینل ’سونی ٹی وی‘ سے ان دنوں پیر سے جمعے کو رات آٹھ بجے ’کامنا‘ نشر ہورہا ہے۔ ڈرامے میں کہانی بتانے سے بہتر ہے کہ آپ پاکستان کا مشہور ڈراما ’میرے پاس تم ہو‘ کو ذہن میں رکھیں۔ وہی ڈراما سیریل جس میں ہمایوں سعید، عائزہ خان، عدنان صدیقی اور حرا مانی مرکزی کردار میں تھے۔ جس نے کامیابی اور کامرانی کے کئی نئے ریکارڈ تخلیق کیے تھے۔ اب بھارتی ٹی وی چینل ’سونی‘ نے ’میرے پاس تم ہو‘ کی کاپی چھاپ دی ہے اپنے نئے ڈراما سیریل ’کامنا‘ میں۔ جس میں وہی کہانی دہرائی گئی ہے جو پاکستانی ڈرامے کی تھی۔ خواہشات کے بھنور میں پھنسی ایک مڈل کلاس کی بیوی، کس طرح دولت اور عیش و آرام کے لیے سب کچھ چھوڑ کر چلی جاتی ہے۔بھارتی ڈرامے ’کامنا‘ میں عائزہ خان والا کردار چاندنی شرما ادا کررہی ہیں۔ جبکہ ہمایوں سعید کے روپ میں ابھیشک راوت ہیں اور عدنان صدیقی کے کردار کے لیے مانو گوئل کا انتخاب ہوا ہے۔ ’میرے پاس تم ہو‘ کے مڈل کلاس جوڑے کی طرح یہاں بھی ان کا ایک بیٹا ہے۔
پاکستان میں تو شہرہ آفاق ڈرامے کو اکلوتے پروڈیوسر ندیم بیگ نے تخلیق کیا تھا لیکن ’کامنا‘ کو بنانے کے لیے تین تین پروڈیوسرز کی خدمات حاصل کی گئیں۔ ڈراما چونکہ یو ٹیوب پر دستیاب ہے اسی لیے صارفین نے اسے دیکھ کر بے اختیار یہ کمنٹس لکھے کہ بھئی یہ تو پاکستانی ڈرامے کی ہو بہو کاربن کاپی ہے۔ اب ان میں صرف پاکستان ہی نہیں بھارتی بھی ہیں۔ چونکہ وہ خود ’میرے پاس تم ہو‘ کو دیکھ چکے ہیں۔کیونکہ اس تخلیق نے دنیا بھر میں شہرت کے ڈنکے جو بجائے تھے۔ لیکن بھارتی ٹی وی چینل ’سونی‘ کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جس نے اس بات کی بھی زحمت نہیں کی کہ کریڈٹ میں کم از کم یہی لکھ دیتے تھے کہ یہ ڈراما ’ماخوذ‘ ہے۔ یا پھر بطور رائٹر خلیل الرحمان قمر کا ہی شکریہ ادا کردیتے۔
پاکستانی تخلیقات کی بھارت میں نقل
پاکستانی فلموں اور گانے کی کاپی بنانا بھارت کی پرانی روش رہی ہے۔ جبکہ ڈراموں کے حوالے سے بھی کئی بار ایسا دیکھنے کو ملا ہے۔ ماضی میں سونی ٹی وی سے ہی ’دھوپ کنارے‘ کا بھی بھارتی ورژن تیار’کچھ تو لوگ کہیں گے‘کیا جاچکا ہے لیکن اسکرین پر باقاعدہ لکھا آیا تھا کہ یہ ڈراما حسینہ معین کا لکھا ہوا ہے۔ جبکہ ان کا شکریہ بھی ادا کیا گیا تھا لیکن اس بار لگتا ہے کہ بھارتی ٹی وی چینل نے یہ زحمت کرنا بھی گوارہ نہیں سمجھا۔
Discussion about this post