اپنے دھواں دھار شارٹس اور برق رفتاری کے ساتھ رنز بنانے والے جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈی ویلیئرزنے کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے یہ اعلان بذریعہ ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ناقابل یقین سفر رہا ہے۔ 37برس سے کرکٹ سے ناطہ جڑا رہا۔ اتنا طویل عرصے میں میرے خاندان، والدین، بھائی، بیوی اور بچوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا لیکن اب وقت آگیا ہے کہ میں کرکٹ کو الوداع کہہ کر اُن کے ساتھ زندگی کے باقی ایام گزاروں۔
اے بی ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ وہ ہر اُس کھلاڑ ی، حریف، کوچ، فزیو اور عملے کے ممنون ہیں، جنہوں نے اس سفر کے دوران ان کی رہنمائی کی۔ یاد رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز نے 2018میں انٹرنیشنل کرکٹ سے جدائی کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ وہ 2011سے انڈین پرئمیر لیگ میں رائل چینلجر بنگلور سے وابستہ رہے۔ یہی نہیں وہ پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندر کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔ اے بی ڈی ویلیئرزنے 114ٹیسٹ میچوں میں جنوبی افریقی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 8765رنز اسکور کیے۔ جس میں 22سنچریاں اور 46 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ ان کا بہترین ٹیسٹ اسکور 278رنز ناٹ آؤٹ رہا۔ اسی طرح ایک روزہ میچوں میں 228بار جنوبی افریقا کی جانب سے میدان میں اترے۔ ان میں 9577رنز اسکور کیے۔ 176رنز نمایاں اسکور رہا۔ جبکہ ان کے نام کے آگے 25سنچریاں اور 53نصف سنچریاں شامل ہیں۔
بات کی جائے ٹی ٹوئنٹی میچوں کی تو 78 میچوں میں وہ 1672رنز جوڑ چکے ہیں۔10نصف سنچریاں بنانے کا کارنامہ بھی انجام دیا۔ جبکہ 79رنز ناٹ آؤٹ بہترین انفرادی اسکور رہا۔ اے بی ڈی ویلیئرز مختلف لیگز میں بھی کھیلتے رہے اور ایک زمانے میں جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ وہ جارحانہ مزاج کے بلے باز تھے۔جو کرکٹ میں اپنے عجیب و غریب شاٹس کی بنا پر خاصی شہرت رکھتے۔ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ وہ وکٹ کیپنگ بھی کرتے رہے۔
Discussion about this post