پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ میں محمد رضوان کی ملتان سلطانز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو7وکٹوں سے شکست دے دی۔ 125 رنز کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے بڑے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے آٓؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں شان مسعود نے 26 جبکہ صہیب مقصود نے 30 رنز کی باری کھیلی۔ کپتان محمد رضوان نے دھواں دھار انداز سے بیٹنگ جاری رکھی اور وکٹ کے چاروں طرف شارٹس کھیلے اور خوبصورت انداز میں ناٹ آؤٹ نصف سنچری اسکور کی۔
Smoooooth! #HBLPSL7 l #HBLPSL7 l #KKvMS pic.twitter.com/ziHPPCunEf
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) January 27, 2022
کراچی کنگز کی جانب سے محمد نبی نے 2 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز اسکور کیے۔ گو کہ کراچی کنگز اوپنر بابراعظم اور شرجیل خان نے تیز رفتاری کے ساتھ 9 اوورز میں 66 رنز اسکور کردیے تھے لیکن شرجیل خان کے 43 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بلے باز وکٹ پر ٹک نہ سکا۔ کپتان بابراعظم 23 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ جو کلارک نے 26 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
ملتان سلطانز کی جانب سے صرف 16 رنز دے کر عمران طاہر نے 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔جبکہ شاہنواز دھانی اورخوش دل شاہ نے قیمتی بابر اعظم کی وکٹ حاصل کی۔ ملتان سلطانز کی نپی تلی بالنگ کا انداز یوں لگایا جاسکتا ہے کہ کراچی کنگز کی جانب سے پوری اننگ کے دوران صرف 3 چھکے لگے اور یہ شرجیل خان نے لگائے ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز گیند کو باؤنڈری سے باہر نہ پھینک سکا ۔ جبکہ صرف 6 چوکے مارنے میں میزبان ٹیم کامیاب ہوئی، محمد رضوان نے اپنے بالرز اور فیلڈرز کا بہترین انداز میں استعمال کیا۔
دونوں ٹیموں کے میچ سے پہلے رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے پی ایس ایل کے آفیشل سونگ کو پرفارم کیا۔ جس پر تماشائیوں نے دل کھول کر داد دی۔ اس موقع پر شاندار انداز میں آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
Discussion about this post