ٹی 20ورلڈ کپ میں 3نصف سنچریاں کی بدولت ایک بار پھر بابر اعظم نے اس فارمیٹ کی درجہ بندی میں نمبرون کی پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری ہونے والی نئی درجہ بندی کے مطابق پاکستانی کپتان بابراعظم 834پوائٹنس کے ساتھ سرفہرست ہیں، انہوں نے حالیہ دنوں میں 14اضافی پوائنٹس حاصل کرکے ڈیوڈ میلان سے نمبر ون کی پوزیشن چھینی ہے۔ اسی طرح وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی بھی ترقی ہوئی ہے، جو اب چوتھی پوزیشن پر پہنچے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا نمبر 5واں ہے۔ آئی سی سی کی ٹی 20کی نئی درجہ بندی کے مطابق بابراعظم کے بعد دوسری پوزیشن برطانوی بلے باز ڈیوڈ میلان کی ہے، جو ایک طویل عرصے تک نمبر ون کی پوزیشن پر فائز رہے ہیں۔ آسٹریلوی کپتان ارون فرینچ کا نمبر تیسرا ہے۔ فخر زمان نے 45ویں پوزیشن پائی ہے۔ محمد حفیظ کا نمبر 54واں ہے۔ بالرز کی درجہ بندی میں سری لنکن ویندو ڈی سلوا کا پہلا نمبر رہا ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان کا کوئی بالر ٹاپ 10میں جگہ نہیں بنا پایا۔ شاہین شاہ آفریدی 13ویں، حارث رؤف20ویں، عماد وسیم 26اور شاداب خان کی 27پوزیشن ہے۔
اسی طرح آل راؤنڈر کی نئی درجہ بندی پر افغان کپتان محمد نبی بدستور نمبر ون کی پوزیشن پر براجمان ہیں۔ اس درجہ بندی میں بھی ٹاپ 10میں کوئی پاکستانی آل راؤنڈر نہیں آسکا۔ محمد حفیظ کا 17واں نمبر ہے۔
بات کی جائے ٹیموں کی تو پاکستان دوسری پوزیشن پر آگیا ہے۔برطانیہ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ اسی طرح بھارت کا نمبر تیسرا ہےاور نیوزی لینڈ کی چوتھی پوزیشن ہے۔
Discussion about this post