یہ کوئی نئی بات نہیں کہ بالی وڈ کے کسی اداکار نے ’سکھ‘ کا کردار ادانہ کیا ہو، اکشے کمار، سنی دیول، سیف علی خان اور رنبیر کپور کے نام نمایاں ہیں۔لیکن اب بالی وڈ کے دو بڑے خان یعنی سلمان خان اور عامر خان نے یہ ذمے داری ادا کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ سلمان خان نئی فلم ’انتم دی فائنل ٹریتھ‘ میں سکھ بن کر ظلم کے خلاف لڑتے ہوئے نظر آئیں گے۔ یہ وہی فلم ہے جس میں ان کے بہنوئی آیوش شرما ولن بنے ہیں جبکہ ہدایتکار مہیش منجریکر ہیں، جو اداکاری میں بھی اپنا منفرد اور مختلف مقام رکھتے ہیں۔ فلم کو خود سلمان خان پروڈیوز کررہے ہیں۔ جیسا کہ اُن کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ اپنے مقابل کوئی ہلکا ہی اداکار شامل کیا جائے تو اِ سی وجہ سے بہنوئی کا انتخا ب کرکے اپنا کام آسان کیا ہے۔ سلمان خان کی یہ تخلیق 26 دسمبر کو اُس وقت سنیما گھروں کی زینت بنے گی، جب کرسمس کی خوشیاں سب منارہے ہوں گے۔
وہی دوسری جانب عامر خان کی نئی فلم ’لال سنگھ چھڈا‘ کا بھی پوسٹر جاری کردیا گیا ہے۔ جس میں مسٹر پرفیکشسٹ بھی سکھ کے روپ میں آرہے ہیں۔ جبکہ اِن کی ہیروئن کرینا کپور ہیں۔ دیگر ستاروں میں سنجے دت اور روینہ ٹنڈن ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم کو سلمان خان کی طرح خود عامر خان نے پروڈیوز کیا ہے۔
سکھوں سے اتنی ہمدردی اور احتجاج میں خاموشی
کیسی عجیب بات ہے کہ بڑے پردے پر اکشے کمار سے لے کر عامر خان تک سکھ بن کر خود دولت اکٹھی کرنے کے موڈ میں رہے لیکن گزشتہ ایک سال سے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کے حق میں ایک لفظ بھی بولنے سے کتراتے رہے۔سلمان خان ہوں یا عامرخان دونوں اداکار اس عرصے میں کہاں تھے، کہاں چھپ گئے تھے، اس کا کسی کو پتا نہیں چلا۔ مودی کے مظالم ان سکھ کسانوں پر قیامت ڈھاتے رہے۔ سینکڑوں سکھ کسان گزشتہ 12ماہ کے دوران زخمی ہوئے تو درجنوں موت کی نیند جا سوئے لیکن ان بالی وڈ اداکاروں کا دل موم کی طرح نہیں پگھلا۔کورونا وبا کے دوران بھی یہ کسانوں سڑکوں پر بیٹھ کر موسم کی سختی نرمی جھیلتے رہے لیکن ان میں سے کئی ستارے کورونا سے جان بچاتے ہوئے ملک سے ہی فرار ہوگئے۔
نظر تو یہی آتا ہے کہ ’کمرشل ویلیو‘ کم ہوجانے کے خوف سے سکھ کسانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے چپ رہنے والے اب سلمان خان اور عامر خان سکھوں کی ہمدردیاں بٹورنے کے لیے ’سردار جی‘ بن کر اپنا کمرشل فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔جنہوں نے ناراض سکھوں کی جیب سے اپنی فلم دیکھنے کے لیے رقم ہتھیانے کا طریقہ یہ ڈھونڈ نکالا کہ کوئی ’لال سنگھ چھڈا‘ بن جائے تو کوئی ’انتم دی فائنل ٹریتھ‘ میں انسپکٹر رنویر سنگھ۔ مقصد صرف یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ دولت بٹوری جائے۔ بالی وڈ 3میں سے 2خان ز نے تو سکھوں کا روپ دھا ر کر اُنہیں ٹھگنے کی تیاری کرلی ہے۔ اب دیکھتے یہ ہیں کہ عامر خان اور سلمان خان کے بعد شاہ رخ خان کب کس فلم میں ’سکھ‘ بن کر کمائی کی اس بہتی گنگا سے ہاتھ دھوتے ہیں۔
Discussion about this post