برطانیہ میں حالیہ دنوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے ، لگ بھگ 330 بلیوں کی پراسرار موت پر ہر کوئی شش و پنج میں مبتلا ہے ۔ اب یہ بلیاں جہاں پالتو ہیں وہیں گلی محلوں میں گھومنے والی بھی۔ طبی ماہرین نے جب تحقیق کی تو یہ انکشاف ہوا کہ بلیوں کی موت کی اہم وجہ ایک نایاب بیماری ہے اور یہ مرض بلیوں کے کھانے میں زہریلے مادوں سے منسلک ہے ۔
پراسرار بیماری آخرہے کیا ؟
لندن کے رائل ویٹنری کالج کے مطابق یہ عجیب و غریب بیماری ” فیلائن پینسی ٹوپینیا ” کہلاتی ہے ، جس کی وجہ سے بلیوں کے جسم میں ریڈ اور وائٹ سیلز میں تیزی کے ساتھ کمی ہوتی ہے، جب کہ پلیٹ لیٹس کی تعداد بھی گرتی چلی جاتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ بلیاں لاغر اور کمزور ہونے کے باعث موت کی نیند سونے پر مجبور ہوجاتی ہیں۔
اب تک اس مرض کے 528 کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔ ہولناک بات یہ ہے کہ رپورٹ شدہ کیسز میں اموات کی شرح 63.5 فیصد ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ آنے والے دنوں میں ان کیسز کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
بلیوں کی اموات کی تحقیقات کا آغاز
طبی ماہرین نے اب اس پہلو پر غور کرنا شروع کردیا ہے کہ آخر بلیاں کس نوعیت کی اور کون سی خوراک استعمال کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں برطانوی فوڈ اسٹینڈرڈ ایجنسی نے بھی کام کا آغاز کیا ہے۔ بلیوں کے کھانوں کے مختلف برانڈز کی تلاش کرکے ان پر تحقیق ہورہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ” فیلائن پینسی ٹوپینیا ” کے پھیلاؤ کی ایک وجہ بلیوں کے تیار ری سائیکل کھانے بھی ہیں، جنہیں روز مرہ کے ان انسانی کھانوں سے تیار کیا جاتا ہے جو عام طور پر کچرے کی نذر کر دینے چاہیے مگر ان کھانوں کو ری سائیکل کرکے بلیوں کی خوراک تیار کی جا رہی ہے اور اس بات کا علم بلیوں کے تیار کھانوں کے نمونوں کی جانچ پڑتال کے بعد ہوا۔
عوام کو مشورہ
حکام نے پالتو بلیوں کے مالکان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان کے کھانوں کو باقاعدہ چیک کریں، کوشش کریں کہ ایسی غذا تیار کی جائے جو گھر میں ہی بنائی گئی ہو۔ بلیوں کی ایسی مصنوعات جو بازار میں فروخت ہورہی ہیں ان کا استعمال کم سے کم کردیں۔
بلیوں کو صرف اور صرف تازہ اور صحت بخش غذا پیش کریں، جہاں تک گلی محلوں میں گھومتی ہوئی بلیوں کو اس مرض سے محفوظ رکھنے کی بات ہے تو ایسی صورت میں غیر معیاری اور فالتو کھانوں کو کچرے دانوں میں ڈالتے ہوئے یہ بات یاد رکھیں کہ بالیاں اسے نہ کھا سکیں۔
اس سلسلے میں جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ان بلیوں کے تازہ کھانے کا انتظام کریں ۔
Discussion about this post