اسکاٹ لینڈ کی جب 6وکٹ صرف 53رنز پر گری تو بنگلہ دیشی کپتان کے ذہن کے کسی گوشے میں یقینی طور پر یہ بات ہوگی کہ لگ بھگ9اوورز باقی ہیں اور اسکاٹ لینڈ کو وہ 120تک بڑے مزے سے قابو کرلیں گے لیکن یہی وہ لمحہ تھا، جب بنگلہ دیشی فیلڈرز، بالرز اور خود کپتان نے ’ریلکس‘ ایسے ہوئے کہ اسکاٹش بلے بازوں کو چھوٹ دے بیٹھے۔ گوکہ وکٹیں پھر بھی گرتی رہیں لیکن کرس گریوز اور مارک واٹ نے ہاتھ دکھانے شروع کیے جنہو ں نے وکٹ کے چاروں طرف مخالف ٹیم کی خوب دوڑیں لگوائیں۔ بنگلہ دیشی کھلاڑی یہ بات بھول بیٹھے تھے کہ اسکاٹ لینڈ کے کھلاڑی جارحانہ بلے بازی میں کمال رکھتے ہیں اوراِن کے رنز بنانے کی رفتار، وکٹیں گرنے کے باوجود تھمتی نہیں ہے۔
میدان سے واپس جاتے ہوئے اسکوربورڈ پر جب 140رنز سج رہے تھے تو بنگلہ دیشی بیٹنگ ہیمالے کو دیکھ کر پھر بھی یہ کم تر اسکور ہی لگ رہا تھا لیکن یہاں داد دینی چاہیے اسکاٹش کپتان کائلے کوٹزر کو جنہوں نے ابتدا سے ہی بنگلہ دیش پر دباؤ بڑھائے رکھا۔ اُس ٹیم پر جس میں دنیا کا بہترین آل راؤنڈر شکیب الحسن بھی شامل تھا۔ جس نے ٹی ٹوئنٹی میچوں میں اسی مقابلے میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ بھی بنایا تھا۔
گو کہ آؤٹ فیلڈ گیلی تھی اور بنگلہ دیشی بلے باز اس بات سے واقف تھے، اسی لیے انہوں نے ہر گیند کو میدان بدر کرنے پر زیادہ توجہ دی۔ جس کی جستجو میں کئی کھلاڑیوں کے فضا میں بلند ہوتے کیچ، باؤنڈری لائن پر ہی لپک لیے گئے۔ ٹی ٹوئنٹی کا وتیرہ رہا ہے کہ وکٹیں ہاتھ میں تو جیت جیب میں لیکن بنگلہ دیشی کھلاڑی میچ کے ابتدا سے ہی ضرورت سے زیادہ خود اعتمادی کا شکار رہے۔ ایسے وقت میں جب شراکت داری کی ضرورت رہی۔ بنگلہ دیشی بلے باز عجلت اور جلد بازی میں وکٹیں پلیٹ میں رکھ کر دیتے چلے گئے، غالباً ان کے ذہن میں یہی بات ہوگی کہ اُن کے بعد آنے والا آرام سے ہدف کو پار کرلے گا اور یہی بنگلہ دیش کی غلطی بھی بن گئی۔ مشفق الرحیم ایک اچھی اننگ کھیلتے کھیلتے اسی غیر ضروری خود اعتمادی کی بنا پر بولڈ ہوئے۔ آخری گیند پر 8رنز کا ہدف صرف اسی صورت میں ممکن تھا، جب بالر کوئی غلطی کرے اورایسا نہ ہوسکا۔ اسکاٹ لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائر میں بنگلہ دیش کو 6رنز سے ہرا کر فاتحانہ آغاز کیا ہے۔
جبکہ یہ بنگلہ دیش کی اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں دوسری شکست ہے۔ بیٹنگ میں قیمتی 45اور پھر بالنگ میں 2شکار کرنے والے کرس گریوز مین آف دی میچ ٹھہرے۔ جبکہ براڈ وہیل کے حصے میں 3بنگلہ دیشی بلے باز آئے۔ اس سے پہلے والے میچ میں عمان نے پاپانیو گینوا کو باسانی 10وکٹوں سے زیر کیا۔ یاد رہے کہ کوالیفائنگ راؤنڈ کی 2ٹاپ ٹیمیں اگلے راؤنڈ میں داخل ہوں گی۔
Discussion about this post