بھارت کے سابق آل راؤنڈر یوہراج سنگھ نے فروری میں کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں یوہراج سنگھ کا کہنا تھا کہ عوام کے اصرار پر وہ کرکٹ سے جدائی کا فیصلہ واپس لینے پر مجبور ہوئے ہیں۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے جو کچھ کرسکا، وہ پھر سے کرنے کو تیار ہوں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یوہراج سنگھ کی واپسی کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب بھارتی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے ساتھ ساتھ ذہنی دباؤ کا بھی شکار ہے۔ 40برس کے یوہراج سنگھ بطور آل راؤنڈر شناخت رکھتے ہیں۔ جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک میچ میں 6گیندوں پر لگاتار6چھکے اسٹیورٹ براڈ کو مارے تھے۔
یوہراج سنگھ نے بھارت کی جانب سے 40ٹیسٹ میچوں میں نمائندگی کرتے ہوئے 1900رنز بنائے۔ ان میں 3سنچریاں اور11نصف سنچریاں شامل ہیں۔ جبکہ ان کا ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین اسکور 169رنز رہا ہے۔ بات کی جائے ایک روزہ مقابلوں کی تو یوہراج 304میچوں میں شرکت کرکے 52نصف سنچریوں اور 14سنچریوں کی مدد سے 8ہزار 701رنز بناچکے ہیں۔ جبکہ ان کا بہترین اسکور 150رنز رہا۔ یوہراج سنگھ 58ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھارت کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔ جن میں ان کی رنز کی تعداد ایک ہزار 177رنز اور بہترین اسکور 77رنز رہا۔ بالنگ کے شعبے میں ٹیسٹ کرکٹ میں 9، ایک روزہ میچوں میں 111جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 28شکار کرچکے ہیں۔
یوہراج سنگھ عالمی جیتنے والی بھارتی ٹیم کا حصہ بھی رہے ہیں۔ جبکہ ایک عرصے تک انڈین پریمیر لیگ میں ممبئی انڈیز کے کپتان اور پھر مختلف ٹیموں کی جانب سے کھلاڑی کے طور پر کھیل چکے ہیں۔ یوہراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ خود بھی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔جنہوں نے مہندر سنگھ دھونی پر یہ الزامات بھی لگائے تھے کہ اُن کے بیٹے کو کرکٹ سے جبراً الگ کرنے پر دھونی کا ہاتھ رہا ہے۔
بھارتی پرستار یوہراج سنگھ کے فیصلے پر خاصے مسرور ہیں۔جن کا ماننا ہے کہ یوہراج سنگھ کے آنے سے بھارتی ٹیم میں ایک نئی جان آجائے گی اور ناکامیوں کے بھنور میں پھنسی بھارتی ٹیم کو نئی امید اور فتح کی راہ مل جائے گی۔ کچھ کا ماننا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی کے لیے یوہراج سنگھ کا انتخاب کیا جائے گا کیونکہ کوہلی عالمی کپ کے بعد کپتانی سے دست بردار ہونے کا اعلان کرچکے ہیں۔
New T20I captain revealed 🥳🥳 #YuvrajSingh pic.twitter.com/dKeGHSDP3i
— Abhishek Ghosh (@evilenuff) November 2, 2021
بہرحال کچھ کا خیال یہ بھی ہے کہ عمررسیدہ یوہراج سنگھ کی واپسی بھارتی کرکٹ کے لیے کوئی فائدہ مند ثابت نہیں ہوگی۔ ٹیم کو تجربے کی نہیں اعتماد کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ یوہراج سنگھ حال ہی میں اُس وقت خبروں میں آئے تھے، جب ایک اور بھارتی کرکٹر کے خلاف انہوں نے سوشل میڈیا پر نازیبا کلمات ادا کیے تھے، جس کے بعد وہ کئی گھنٹوں زیر حراست بھی رہے۔
اسی بارے میں مزیدجاننے کے لیے کلک کریںـ
Discussion about this post