افغان طالبان کی پنچ شیر میں کامیابی کے بعد کسی کو تکلیف ہو نہ ہو لیکن بھارتی سرکار اور ان کے سرمائے پر چلنے والے بھارتی میڈیا کو بہت زیادہ ہے، درد اور دکھن ایسی ہے ایک بار پھر پاکستان کو بدنام کرنے کی بھونڈی چالیں چلیں لیکن منہ کے بل پھر سے گرنا پڑا۔ بھارتی میڈیا چیخ چیخ کر یہ جھوٹ بولتا رہا کہ پنج شیر میں افغان طالبان کی پاکستان نے مدد کی ہے، مبالغہ آرائی اور بے بنیاد افواہوں کا ماہر بھارتی میڈیا تو جھوٹ کے سہارے اس قدر آگے بڑھا کہ اُس نے ٹی وی اسکرین پر نجانے کہاں سے ڈھونڈ ڈھانڈ کر فوٹیج بھی چلا دیں ، جس میں جھوٹا دعویٰ کیا گیا کہ پنج شیر میں افغان طالبان کی پشت پر پاکستانی افواج رہی۔ ڈھنڈوڑا تو یہاں تک پیٹا گیا کہ پنج شیر میں پاکستان کا ایف 16طیارہ تک گرادیا گیا۔جس کے بعد انتہا پسند اور متعصب مودی کے چیلوں نے دھڑا دھڑ یہ تصاویرا ور فوٹیج شیئر کرنا شروع کردیں۔
بھارتی میڈیا کا جھوٹ کیسے پکڑا گیا؟
بھارتی میڈیا نے ترنگ میں آکر حسب روایت جھوٹ کا سہارہ ہی لیا لیکن ایک بار پھر ان کی چوری کی یہ کارستانی پکڑی گئی۔ سب سے پہلے جس ایف 16طیارے کو پاکستانی قرار دے کر پاکستان کی پنج شیر میں مداخلت کا شور مچایا، دراصل یہ ایف 16طیارہ سرے سے پاکستانی ہے ہی نہیں بلکہ کا وہ امریکی ائیر فورس کا ایف 16ہے جو فنی خرابی کی بنا پر ایری زونا میں گرا تھا۔ اور آج کل میں نہیں بلکہ 3 سال پہلے 24اپریل 2018 کو۔۔ یعنی یہاں بھی بھارتی میڈیا کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملا۔۔
بھارتی میڈیا اور ویڈیو گیمز
قصہ یہیں ختم نہیں ہوا، بھارتی میڈیا بالخصوص انتہا پسند مودی کے من پسند اروناب گوسوامی کے چینل نے چنگاڑتے ہوئے ایک ویڈیو نشر کی جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی طیاروں نے وادی پنج شیر میں کارروائی کی اور یہ اُسی کی ویڈیو ہے، فوٹیج سابق افغان حکومت کے حامی چینل سے لی گئی تھی۔ اب اسی ویڈیو کو مختلف بھارتی ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا میں مودی کارندوں نے پیش کرنا شروع کردیا۔ تحقیق کی تو یہ بھی دو نمبر نکلی۔پاکستانی طیاروں کا رونا پیٹنے والے بھارتی میڈیا کو ایک بار پھر اُس وقت خفت کا سامنا کرنا پڑا، جب معلوم ہوا یہ تو ایک ویڈیو گیم
ArmA 3 – A-10 Warthog vs Anti-Air Tank کی ہے۔ اب سارے معاملے کو دیکھنے کے بعد سچ اور جھوٹ کا پتا لگانا کسی بھی صارف کے لیے مشکل نہیں، مطلب صاف ہے کہ نئی دہلی کے اوسان خطا ہیں یہ سوچ سوچ کر کہ اب ان کی حمایت یافتہ اشرف غنی حکومت کے خاتمے کے بعد بھارتی ڈوبی ہوئی سرمایہ کاری کا کیا ہوگا، اسی لیے وہ افغان طالبان کی کامیابیوں سے جہاں خائف ہے وہیں پاکستان کے مثبت کردار کو منفی رخ دے کر پیش کرنے کا ہر اوچھا ہتھکنڈا استعمال کرنے سے باز نہیں آرہا۔
Discussion about this post