دلچسپ واقعہ شمالی مغربی ترکی صوبے برسا کے انیگل ضلع میں پیش آیا۔ جب 50برس کے یہان متلو دوستوں کے ساتھ جنگل میں مے نوشی کی غرض سے گیا۔ اس قدر شراب نوشی کی کہ دوست اُسے وہاں تنہا چھوڑ کر ہی چلے گئے۔گھر واپس نہیں لوٹا تو خاندان والوں کو فکر ہوئی۔ جبھی انہوں نے پولیس میں رپورٹ کی۔ ایک ریسکیوٹیم تشکیل دی گئی۔ جس نے گھنے جنگل میں جانے کا فیصلہ کیا۔ اسی دوران یہان متلوسے یہ ٹیم ٹکرائی، جس نے بتایا کہ وہ ایک شخص کو تلاش کررہے ہیں تویہان متلو بھی ان کے ساتھ ہولیا۔اب ریسکیو ٹیم کے ساتھ وہ تھا اور وہ بے چارے اِس سے انجان پورے جنگل میں خاک چھانتے رہے۔
بدقسمتی سے ریسکیو ٹیم کے ساتھ اس لاپتا شخص کا کوئی رشتے دار تھا اور ناہی اُن کے پاس اِس کی کوئی تصویر۔ ریسکیو ٹیم نے جب اِس کا نام پکارا تو وہ چونکا اور دریافت کیا کہ وہ اُس کے نام کو کیوں لے رہے ہیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ یہ اُس شخص کا نام ہے جو جنگل میں گم ہوگیا اور ہم اُسے تلاش کرنے نکلے ہیں۔تب یہان متلونے ڈرتے ڈرتے بتایا وہ لاپتا شخص وہی ہے۔ ریسکیو ٹیم نے اِس کی بات پر اعتبار نہیں کیا اور خیال کیاکہ ممکن ہے کہ وہ نشے میں ہے تو اسی لیے بہکی بہکی باتیں کررہا ہے اور جب ٹیم تھک ہار کر واپس جنگل سے باہر آئی تو یہان متلو کا دوست آملا، جس نے بتایا کہ جس کی کھوج تھی، وہ یہان متلو ہی ہے۔ پولیس نے فی الحال اس سے تفتیش شروع کی اور چند گھنٹے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی۔
Discussion about this post